علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹر خزاں 2026ء کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، ڈاکٹر بشیر احمد صمیم

ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر بشیر احمد صمیم نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹر خزاں 2026ء کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ،داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر بشیر احمد صمیم نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹر خزاں 2026ء کے داخلوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ،داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمسٹر خزاں میں میٹرک، ایف اے، آئی کام، ایف ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی اے، بی کام، بی ایس، بی بی اے اور بی ایڈ سمیت مختلف پروگراموں میں داخلے جاری ہیں۔ طلبہ و طالبات اپنی تعلیمی ضروریات اور اہلیت کے مطابق پروگراموں میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

ڈاکٹر بشیر احمد صمیم نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں معیاری اور سستی فاصلاتی تعلیم کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے جس سے لاکھوں طلبہ و طالبات اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے خواہشمند طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ داخلے میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچنے کے لئے مقررہ تاریخ سے قبل اپنے داخلہ فارم مکمل کریں اور اپنی فیس بروقت جمع کرائیں تاکہ انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ داخلوں سے متعلق معلومات، رہنمائی اور معاونت کے لیے طلبہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس فیصل آباد سے رابطہ کر سکتے ہیں۔