خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی مختلف شہروں میں کارروائیاں،غیر معیاری دودھ، مشروبات وگوشت تلف

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیوں نے مردان ،پشاور ، سوات،ایبٹ آباد، بنوں اور مالاکنڈ میں کاروائیاں کیں اور غیر معیاری دودھ، مشروبات وگوشت تلف کر دیئے۔

پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیوں نے مردان ،پشاور ، سوات،ایبٹ آباد، بنوں اور مالاکنڈ میں کاروائیاں کیں اور غیر معیاری دودھ، مشروبات وگوشت تلف کر دیئے۔ ترجمان خیبر پختونخوافوڈ سیفٹی اینڈحلال اتھارٹی کے مطابق مردان میں 200 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا اورغیر معیاری دودھ فروشوں پر بھاری جرمانے عائد کئے۔اسی طرح پشاور میں غیر معیاری مشروبات تیار کرنے والے گروہ کے مبینہ سرغنہ کو گرفتار کرکے300 لیٹر مضرِ صحت مشروبات ضبط کر لئے گئے ۔ سوات میں 500 لیٹر غیر معیاری دودھ اور ایبٹ آباد میں ناکہ بندی کے دوران 600 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ اور 150 کلوگرام بیمار مرغی کا گوشت تلف کر دیا گیا۔ بنوں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور لائیو سٹاک افسران کے ہمراہ دودھ بردار ٹینکرز کی چیکنگ کے دوران500 لیٹر ملاوٹ شدہ اور مضرِ صحت دودھ تلف کرکے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔مالاکنڈ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 200 کلوگرام غیر معیاری گوشت اور غیر معیاری آئس کریم تلف کردی گئی اورملوث دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ۔