امریکاایران مذاکرات میں پیشرفت، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی

عالمی منڈی میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ قطر کی جانب سے یہ اعلان ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

سنگاپور۔2جولائی (اے پی پی):عالمی منڈی میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ قطر کی جانب سے یہ اعلان ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔رائٹرز کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جون میں جنگ بندی پر مبنی یادداشت سے متعلق امور پر ہونے والے مذاکرات میں "مثبت پیش رفت” ہوئی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان مستقل امن کے قیام کے حوالے سے کسی نمایاں پیش رفت کا اشارہ نہیں ملا۔برینٹ خام تیل کے سودے 77 سینٹ یا 1.1 فیصد کمی کے بعد 70.80 ڈالر فی بیرل پر آ گئے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 84 سینٹ یا 1.2 فیصد گر کر 67.74 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

دونوں عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتیں گزشتہ سیشن میں بھی ایک فیصد سے زیادہ گری تھیں اور چار ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی تھیں۔تجزیہ کار ادارے ہائٹونگ فیوچرز کے مطابق آبنائے ہرمز کھلی رہنے اور وہاں سے خام تیل کی مسلسل ترسیل جاری رہنے کے باعث عالمی منڈی میں رسد بڑھنے اور مارکیٹ شیئر کے لیے مقابلہ تیز ہونے کی توقع ہے جس سے قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اوپیک پلس کے رکن ممالک اتوار کو ہونے والے اجلاس میں اگست سے خام تیل کی پیداوار کے ہدف میں مزید اضافے پر اتفاق کر سکتے ہیں۔