لاہور پولیس کا شہدا کے اہل خانہ کیلئے تاریخی ویلفیئر پیکیج، کروڑوں روپے کی ادائیگی

شہدا کے لواحقین کو گھروں کی فراہمی، بچوں کو معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):شہدا کے لواحقین کو گھروں کی فراہمی، بچوں کو معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے جمعرات کو یہاں جاری اپنے بیان میں کہا کہ شہدائے پولیس کے خاندانوں کی ویلفیئر محکمہ پولیس کا اولین ایجنڈا ہے۔ پولیس فورس اپنے ان ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور محکمہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کے پسماندگان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔سی سی پی اونے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے پولیس کے عظیم شہدا کے اہل خانہ کیلئے تاریخی ویلفیئراقدامات کیے گئے ہیں۔ شہدا پیکیج کے تحت سال 2023 سے لے کر اب تک 14 خاندانوں کو 18 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے مکانات فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ مالی مراعات کی مد میں شہدا کے 14 خاندانوں کو 7 کروڑ 20 لاکھ روپے نقد ادا کیے گئے ہیں تاکہ وہ باوقار انداز میں زندگی بسر کر سکیں۔انہوںنے بتایا کہ تعلیم اور سماجی ضروریات کے شعبے میں بھی لاہور پولیس نے ریکارڈ اقدامات کیے ہیں۔ پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے اسکالرشپ کی مد میں 187 خاندانوں میں 4 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ اسی طرح بیٹیوں کی شادیوں کے اخراجات میں معاونت کیلئے جہیز فنڈ کے تحت شہدا کے 31 خاندانوں کو 1 کروڑ 14 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔اسی طرح 17 خاندانوں کوگزارہ الانس کی مد میں 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگی کی گئی ہے، جبکہ گروپ انشورنس کے تحت شہدا کے 15 خاندانوں کو 29 لاکھ 41 ہزار روپے سے زائد رقم دی گئی ہے تا کہ وہ باوقار اندازمیں زندگی بسر کر سکیں۔