کلب اراکین آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں لازمی شرکت کریں، رابرٹ لاسن

میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے چیف ایگزیکٹو اور سیکریٹری رابرٹ لاسن نے کلب کے اراکین سے اپیل کی ہے

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے چیف ایگزیکٹو اور سیکریٹری رابرٹ لاسن نے کلب کے اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار کو لارڈز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں لازمی شرکت کریں، خواہ انگلینڈ کی ٹیم سیمی فائنل جیت کر فائنل میں پہنچے یا نہیں۔اراکین کے نام اپنے خط میں رابرٹ لاسن نے کہا کہ ایم سی سی کی ساکھ کے لئے ضروری ہے کہ 2017 ویمنز ورلڈ کپ فائنل جیسے مناظر دوبارہ دیکھنے کو نہ ملیں، جب عوامی سٹینڈز تماشائیوں سے بھرے ہوئے تھے، لیکن لارڈز کے پویلین میں صرف اراکین کے لئے مختص نشستیں بڑی حد تک خالی رہ گئی تھیں، جس پر کلب کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی شائقین کو اعلی معیار کا فائنل دیکھنے کو ملے گا، اس لئے اراکین اپنی ٹکٹیں استعمال کرتے ہوئے میچ دیکھنے آئیں، چاہے فائنل کھیلنے والی ٹیمیں کوئی بھی ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی رکن شرکت نہیں کر سکتا تو کلب کو پیشگی اطلاع دے تاکہ اس کی نشست کسی اور شائق کو دی جا سکے۔واضح رہے کہ 2023 میں انڈیپنڈنٹ کمیشن فار ایکویٹی اِن کرکٹ (آئی سی ای سی) نے اپنی رپورٹ میں ایم سی سی کو خواتین کرکٹ کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔