حضرو کے نواحی گاؤں عادلزئی میں نوجوان دریا ئےسندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا

حضرو کے نواحی گاؤں عادلزئی میں نوجوان دریا ئےسندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

حضرو۔ 02 جولائی (اے پی پی):حضرو کے نواحی گاؤں عادلزئی میں نوجوان دریا ئےسندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔حضرو اور نواحی علاقوں میں نوجوانوں نے پابندی کے باوجود نہانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اس حوالے سے تحصیل حضرو انتظامیہ نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، نواحی گاؤں عادلزئی کا نوجوان بابر علی دریا ئےسندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ،مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نوجوان کی لاش دریا سے نکال لی، اسی ہفتے کے دوران ویسہ گاؤں کا نوجوان بھی دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا جس کی لاش ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے تین روز کی جہدوجہد کے بعد دریا سے نکالی تھی۔ یاد رہے ہر سال گرمیوں میں تحصیل حضرو کے بڑی تعداد میں نوجوان دریا ئےسندھ اور غازی بروتھا نہر میں نہانے کے لئیے جاتے ہیں ۔ دریائے سندھ اور غازی بروتھا نہر میں نہانے پر ڈی سی اٹک کی طرف سے پابندی عائد کی ہوئی ہے اس پابندی کو نوجوانوں نے ہوا میں اڑا کر رکھ دیا جبکہ تحصیل حضرو انتظامیہ بھی پابندی پر عمل درآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ تحصیل حضرو کے عوامی حلقوں نے دریائے سندھ اور غازی بروتھا نہر میں نہانے کی پابندی پر عمل درآمد نہ کرنے پر تحصیل حضرو انتظامیہ کی نااہلی پر احتجاج کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی اٹک سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں