سینٹرل پولیس آفس پشاور میں خیبرپختونخواسیف سٹیز پراجیکٹ اور ٹرانس پشاور کے درمیان سکیورٹی تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ترجمان سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز و ڈی آئی جیز بھی موجود تھے
سکیورٹی تعاون،خیبرپختونخوا سیف سٹیز پراجیکٹ اور ٹرانس پشاور کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):سینٹرل پولیس آفس پشاور میں خیبرپختونخواسیف سٹیز پراجیکٹ اور ٹرانس پشاور کے درمیان سکیورٹی تعاون کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ترجمان سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز و ڈی آئی جیز بھی موجود تھے۔ خیبرپختونخوا سیف سٹیز کی جانب سے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی آئی جی آئی ٹی اعجاز احمد جبکہ ٹرانس پشاور کی جانب سےچیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر بخاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تکنیکی تعاون، نگرانی کے نظام کو مربوط کرنا اور شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت شہریوں کی حفاظت اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ٹرانس پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سسٹم کے اہم مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو خیبرپختونخوا سیف سٹیز کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ اس اقدام سے سیف سٹی پراجیکٹ کو بی آر ٹی کوریڈور، سٹیشنوں اور دیگر اہم تنصیبات کی براہ راست نگرانی میں مدد ملے گی جس سے سکیورٹی کے فرائض کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ دونوں ادارے فائبر آپٹک کنیکٹیویٹی کے ذریعے کیمروں کی لائیو فیڈز کا تبادلہ بھی کریں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کو بی آر ٹی سٹیشنوں کے اہم اور مخصوص مقامات پر اپنے جدید کیمرے نصب کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی جن میں فیشل اینالیٹکس کی صلاحیت بھی موجود ہوگی۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے سکیورٹی اور آپریشنل مقاصد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کو فروغ دیں گے جس سے جرائم کی روک تھام اور پبلک ٹرانسپورٹ کی نگرانی کا نظام مزید شفاف اور مربوط ہو جائے گا۔اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ اشتراک عوامی تحفظ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس پشاور اور خیبرپختونخوا سیف سٹیز پراجیکٹ اس مربوط نظام کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پشاور کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی جی پی نے امید ظاہر کی کہ مفاہمتی یادداشت نہ صرف بی آر ٹی سسٹم کی سکیورٹی کو مضبوط کرے گی بلکہ اس سے شہر میں سکیورٹی نگرانی کا ایک جامع جال بچھانے میں بھی مدد ملے گی۔اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلی ٰحکام نے مستقبل میں بھی شہریوں کی حفاظت اور عوامی مفاد کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔








