وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان نےچیف انجینئر پیسکواختر حمید خان سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ حلقہ انتخاب بڈھ بیر پی کے- 76 اور ملحقہ علاقوں میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
پشاور،معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کی چیف پیسکو سے ملاقات ، بجلی سے متعلق عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان نےچیف انجینئر پیسکواختر حمید خان سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ حلقہ انتخاب بڈھ بیر پی کے- 76 اور ملحقہ علاقوں میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران معاون خصوصی نے چیف پیسکو کو علاقے میں طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو درپیش شدید مشکلات اورعوامی بے چینی سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا سخت گرمی کے اس موسم میں بجلی جیسی بنیادی ضرورت سے شہریوں کو محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بڈھ بیر اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔معاون خصوصی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام سے یہ مخلصانہ اپیل بھی کریں گے کہ وہ بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ عوام بھی حکومتی اقدامات اور ملکی ترقی کے عمل میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں اور ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائیں۔چیف انجینئر پیسکو اختر حمید خان نے ملاقات میں معاون خصوصی کے گزارشات کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بڈھ بیر اور ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ روک دیا جائے گا اور شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی سمیت عوام کو درپیش بجلی کے دیگر فنی مسائل کے حل کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔معاون خصوصی سمیع اللہ خان نے پیسکو چیف کی یقین دہانی پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیسکو انتظامیہ اپنے وعدے پر فوری عملی درآمد شروع کرے گی تاکہ بڈھ بیر کے عوام کو اس ذہنی و جسمانی اذیت سے جلد از جلد نجات مل سکے اور ان کی مشکلات کا خاتمہ ہو۔








