وائلڈ لائف سینگچوری میں مہمان فلیمنگوز کی آمد کا سلسلہ جاری

محکمہ کے زیر انتظام رکھ خانپور وائلڈ لائف سینگچوری مظفر گڑھ میں گزشتہ روز 5 نئے مہمان فلیمنگوز کی آمد کےبعد قیام پذیر فلیمنگوز کی تعداد 13ہو گئی۔

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):محکمہ کے زیر انتظام رکھ خانپور وائلڈ لائف سینگچوری مظفر گڑھ میں گزشتہ روز 5 نئے مہمان فلیمنگوز کی آمد کےبعد قیام پذیر فلیمنگوز کی تعداد 13ہو گئی۔ترجمان کے مطابق ڈی جی خان ریجن میں واقع رکھ خانپور وائلڈ لائف سینگچوری چھپر والا ڈھنڈ کے مقام پر قدرتی جھیلوں پر اس سال مئی کے آخر میں گزشتہ چار دہائیوں کے بعد مہاجر پرندے نایاب فلیمنگوز کی آمد مشاہدے میں آنے پر وائلڈلائف رینجرز نے کڑی مانیٹرنگ شروع کردی اور دودن قبل تک ان کی محض آٹھ تعداد ریکارڈ کی گئی تاہم گزشتہ روز پانچ مزید نئے مہمان فلیمنگوز کی آمد ہوئی۔انٹر نیشنل یونین فارکنزرویشن آف نیچر( آئی یو سی این) کی ایک ٹیم نے فوری طور پر رکھ خانپور وائلڈ لائف سینگچوری کا دورہ کیا اور محکمہ کے تعاون سے وہاں ایک خصوصی سروے کا انعقاد کیا،ان کی کل تعداد 13ریکارڈ کی گئی نیز ان پرندوں کے مشاہدے سے یہ بھی واضح ہوا کہ یہاں قیام پذیر ان مہمان فلیمنگوز میں ایشیا میں پائی جانیوالی فلیمنگوز کی دونوں نادر و نایاب انواع "گریٹر فلیمنگوز "اور”لیسر فلیمنگوز "شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا ہے کہ بلا شبہ یہ محکمہ کے جنگلی حیات کے بقا و تحفظ کیلئے اٹھائے جانیوالے بہتر اقدامات کا ثمر ہے۔اس کامیابی پر آئی یو سی این کی ٹیم نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی جانب سے جنگلی حیا ت کے تحفظ اور مسکن کی بحالی کے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔

مزید خبریں