وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق واسا ملتان کی جانب سے شہر میں میگا سیوریج منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے
واسا ملتان شہریوں کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے مستقل نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ، ایم ڈی واسا

مزید خبریں
ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق واسا ملتان کی جانب سے شہر میں میگا سیوریج منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایم ڈی واسا نے نشتر روڈ، ڈیرہ اڈا تا پل شوالہ اور ابدالی مسجد روڈ پر جاری سیوریج منصوبوں کا معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نشتر ہسپتال کوریڈور میں 24 انچ قطر کی 3,100 فٹ طویل سیوریج لائن کی تنصیب ایک ماہ قبل مکمل کر لی گئی تھی جبکہ سڑک کی تعمیر کے لیے سائٹ تین ہفتے قبل ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دی گئی تھی۔ حکام کے مطابق ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اس وقت سڑک کی تعمیر سے قبل سینڈ فلنگ اور فلڈنگ کا کام انجام دے رہا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیرہ اڈا سے پل شوالہ تک 4,100 فٹ طویل سیوریج لائن میں سے 3,800 فٹ لائن بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کا باقی ماندہ حصہ آئندہ 10 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ابدالی مسجد روڈ پر 24 انچ قطر کی 1,800 فٹ سیوریج لائن بچھانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ طارق روڈ پر مزید 24 انچ قطر کی 1,900 فٹ طویل سیوریج لائن بچھانے کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے ہدایت کی کہ طارق روڈ کا سیوریج منصوبہ ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔اس موقع پر ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ میگا سیوریج منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو نکاسی آب کی جدید، مؤثر اور پائیدار سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ واسا ملتان شہریوں کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے مستقل نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








