حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کی وجوہات اور حقائق جاننے کیلئے باضابطہ تحقیقات کا حکم دیدیا

حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کی وجوہات اور حقائق جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے

کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کی وجوہات اور حقائق جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان کو واقعے کی مکمل تحقیقات، تمام حقائق کی جانچ پڑتال اور حادثے کے اسباب پر جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔معاون وزیر اعلی بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اس افسوسناک حادثے کے ہر پہلو کا غیرجانبدارانہ اور شفاف جائزہ لے گی تاکہ واقعے کے اصل اسباب کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے واضح ہدایت دی ہے کہ تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کا تعین قانون اور حقائق کی روشنی میں کیا جائے گا ۔شاہد رند نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان حادثے سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ تحقیقات کی روشنی میں مستقبل میں عوام کے محفوظ سفر کے لیے ضروری اصلاحات اور حفاظتی اقدامات پر موثر عملدرآمد کیا جائے۔