پنجاب حکومت کا صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری
پنجاب حکومت کا صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری

مزید خبریں
لاہور۔3جولائی (اے پی پی):پنجاب حکومت نے صوبے کے 9 بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے نئے چیئرمینوں کی تعیناتیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، تمام تقرریاں یکم جولائی 2026 سے 31 دسمبر 2027 تک 18 ماہ کے لیے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر (BS-20) ڈاکٹر اعجاز احمد کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کا چیئرمین اور خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان کے پروفیسر (BS-21) انجینئر ڈاکٹر بدر الاسلام کو تعلیمی بورڈ لاہور کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے پروفیسر (BS-21) ڈاکٹر عبدالرئوف کو تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کا چیئرمین، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر (BS-20) ڈاکٹر اقصی شبیر کو تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کا چیئرمین،محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے ایسوسی ایٹ پروفیسر (BS-20) ڈاکٹر رانا بنیامین کو تعلیمی بورڈ فیصل آباد کا نیا چیئرمین،
گورنمنٹ گریجویٹ کالج عبداللہ پور فیصل آباد کے پرنسپل (BS-20) اقبال محمود کو تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا چیئرمین، انٹیلی جنس بیورو (IB) اسلام آباد کے ڈائریکٹر (BS-19) عباس حیدر کو تعلیمی بورڈ سرگودھا کا چیئرمین ، یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈائریکٹر آئی ٹی (BS-19) اشتیاق احمد کو تعلیمی بورڈ بہاولپور کا چیئرمین اور یونیورسٹی آف گجرات کے ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات (BS-19) فیصل اعجاز کو تعلیمی بورڈ ساہیوال کا نیا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔
فیصل اعجاز اس سے قبل انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں بطور کنٹرولر امتحانات خدمات سرانجام دے رہے تھے۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے تعینات ہونے والے چیئرمین اپنے متعلقہ تعلیمی بورڈز کے انتظامی اور امتحانی امور کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔








