پشاور:چیئرمین بی او جی نے آئی کے ڈی ایم ٹی آئی میں نئی سہولیات کا افتتاح کر دیا

پشاور:چیئرمین بی او جی نے آئی کے ڈی ایم ٹی آئی میں نئی سہولیات کا افتتاح کر دیا

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):ایچ ایم سی، پیکو، آئی کے ڈی اور برن اینڈ ٹراما سینٹر کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز، پروفیسر ڈاکٹر نورالایمان نے جمعہ کے روز انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (IKD-MTI) کا دورہ کیا۔ ایچ ایم سی پشاور تر جمان کے مطابق اس دورے کا مقصد ادارے کے آپریشنز کا جائزہ لینا اور نئی خدمات کا افتتاح کرنا تھا۔دورے کے دوران، چیئرمین نے او پی ڈی بلاک میں نئے او پی ڈی اور آئی بی پی (IBP) لیبارٹری کا باضابطہ افتتاح کیا۔

یہ اضافہ انسٹی ٹیوٹ کی تشخیصی صلاحیت کو بڑھانے اور مریضوں کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مزید برآں، انہوں نے کلینیکل فارمیسی اور کمپاؤنڈنگ فارمیسی یونٹس کا بھی افتتاح کیا، جس سے ہسپتال میں ادویات کے انتظام اور فارماسیوٹیکل نگہداشت کے معیار کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ افتتاحی تقریبات کے علاوہ، پروفیسر ڈاکٹر نورالایمان نے آئی کے ڈی کے ڈائیلاسز یونٹ اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے ہسپتال کے عملے اور انتظامی قیادت سے ملاقات کی تاکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا جا سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے ڈائریکٹر آئی کے ڈی اور ان کی پوری طبی و انتظامی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کے بنیادی مشن پر زور دیتے ہوئے تمام عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال، ان کی حفاظت اور ہسپتال آنے والے ہر مریض کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اور اعلیٰ معیار کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔