وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر شائستہ جدون کا ایبٹ آباد آمد پر شاندار استقبال

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر شائستہ جدون کا ایبٹ آباد آمد پر شاندار استقبال

ایبٹ آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر شائستہ جدون کو وفاق میں نئی ذمہ داری ملنے کے بعد پہلی مرتبہ ایبٹ آباد آمد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے حویلیاں انٹرچینج پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، گلدستے پیش کیے اور پارٹی قیادت کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔بعد ازاں ڈاکٹر شائستہ جدون بار کلب چوک پہنچیں جہاں انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

ڈاکٹر شائستہ جدون نے پارٹی کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن جماعت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی محنت ہی پارٹی کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حلقے کے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر علی افضل خان جدون ، نائب صدر شوکت ہارون خان ،ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل انجم ،ضلعی ترجمان ملک سہیل اعوان ، خواتین ونگ کی عہدیداران پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔