اللہ تعالیٰ نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا موقع دیا تو خوبصورت ڈویلپمنٹ کریں گے، عبدالعلیم خان کی پریس کانفرنس

اللہ تعالیٰ نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا موقع دیا تو خوبصورت ڈویلپمنٹ کریں گے، عبدالعلیم خان کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آزاد کشمیر میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے ریاست میں تعمیر و ترقی کا نیا وژن پیش کر دیا ہے، آزاد کشمیر میں موٹروے اور ائیرپورٹ بنیں گے، وادی میں سیاحت آئے گی،آزادکشمیرکے فیصلے کشمیر میں بیٹھ کر ہوں گے،اگر آزاد کشمیر میں کرپشن ہوئی تو اس کا ذمہ دار میں ہوں گا، آزاد کشمیر میں جو کرپشن میں ملوث پایا گیا، وہ وزیر نہیں رہے گا۔

جمعہ کو سردار تنویر الیاس، عون چوہدری اور گل اصغر بھگور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے موقع دیا تو آزاد کشمیر کے فیصلے مقامی سطح پر ہوں گے اور وہاں تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع کیا جائے گا۔صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور جنت نظیر خطہ ہے تاہم ماضی میں باری باری حکومتیں کرنے والی جماعتوں نے اپنے منشور پر عمل کرنے کی بجائے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے حوالے سے اپنے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آکر خطے میں موٹروے، ایئرپورٹ اور سیاحتی سہولیات کا جال بچھائیں گے جبکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے فیصلے اب کشمیر میں ہی ہوں گے اور کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو وزارت میں رہنے کا حق نہیں ہوگا، اس کا ذمہ دار میں خود ہوں گا۔پریس کانفرنس کے دوران آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنے گروپ کے ہمراہ باقاعدہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عبدالعلیم خان کی قیادت اور وژن پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور پارٹی کی بنیاد کے وقت سے ہی ان کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔

انہوں نے پاک فوج کے ساتھ کشمیری عوام کی محبت اور عقیدت کا بھی اعادہ کیا۔پریس کانفرنس میں موجود آئی پی پی کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سردار تنویر الیاس ہی آئندہ الیکشن میں دوبارہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی آزاد کشمیر میں 30 سے زائد نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح گلگت بلتستان الیکشن میں آئی پی پی تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے، اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی اپنی حکومت بنائیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ جی بی میں آزاد امیدواروں نے (ن )لیگ اور پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر آئی پی پی کو ترجیح دی کیونکہ وہ ایک نیا اور مخلص سیاسی وژن چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزارت مواصلات میں رہتے ہوئے این ایچ اے کے ریونیو کو 66 ارب سے بڑھا کر 130 ارب تک پہنچایا اور اب اسے 500 ارب تک لے جانے کا ہدف ہے، یہی ماڈل آزاد کشمیر کی ترقی کے لئے بھی استعمال کریں گے۔