اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز 6 رکنی دستہ بھیجوانے کی منظوری دے دی

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز 6 رکنی دستہ بھیجوانے کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز 6 رکنی دستہ بھجوانے کی منظوری دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بریگیڈئیر (ر) وجاہت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز 23 جولائی سے 2 اگست تک گلاسگو سکاٹ لینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں شرکت کے لئے اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے 6 رکنی دستہ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ دستہ پانچ کھلاڑیوں اور ایک آفیشل پر مشتمل ہوگا، ان کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان آرمی،پاکستان واپڈا اور پاکستان نیوی سے ہے۔

پاکستان آرمی کی فریال فاروق (ڈسکس تھرو) اور محمد اسماعیل (400 میٹر ریس)،پاکستان واپڈا دونوں کھلاڑی ارشد ندیم اور یاسر علی جیولین تھرو کے ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ پاکستان نیوی کے انصر عباس لانگ جمپ کے ایونٹ میں حصہ لیں گے جبکہ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے صوبیدار میجر اشرف علی ٹیم کے ہمراہ آفیشل ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ٹیم کی سلیکشن اور کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بریگیڈئیر (ر)وجاہت حسین نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی کامن ویلتھ گیمز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رزلٹ حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے تربیتی کیمپ اور بیرون ملک تربیت بہت ضروری ہیں۔ بیرون ملک مقابلے میں کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔