الپائن کلب کا خواتین کی دوسری بڑی کوہ پیمائی مہم ‘خوسر گینگ 2026’ اور یادگاری ٹکٹ کا اعلان

الپائن کلب آف پاکستان نے خواتین کو کوہ پیمائی اور ایڈونچر سپورٹس کے میدان میں بااختیار بنانے کے لئے دوسری "ویمن خوسر گینگ مہم 2026” کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان نے خواتین کو کوہ پیمائی اور ایڈونچر سپورٹس کے میدان میں بااختیار بنانے کے لئے دوسری "ویمن خوسر گینگ مہم 2026” کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ جولائی 2026 کے پہلے ہفتے میں سکردو سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران ملک بھر سے منتخب خواتین کوہ پیما وادی شگر (بلتستان) میں واقع قراقرم سلسلے کی 6,040 میٹر بلند چوٹی "خوسر گینگ” کو سر کریں گی۔ الپائن کلب کی گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران باری لا پر پہلی کامیاب آل ویمن مہم کے بعد شروع کی جانے والی اس دوسری مہم کا مقصد خواتین کوہ پیماؤں کو بلند پہاڑوں پر عملی تجربہ فراہم کرنا اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔مہم کے لئے ٹیم کا انتخاب نامور پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کی سربراہی میں قائم تجربہ کار کمیٹی نے مکمل شفافیت کے ساتھ کیا ہے جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور خطوں کی باصلاحیت خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔

منتخب سکواڈ میں گلگت بلتستان سے زیبا بتول اور بی بی افزوں، اسلام آباد سے عمارہ شریف، خیبر پختونخوا سے اسماء بشیر بنگش، پنجاب سے بسمہ حسن اور سعدیہ مقبول، سندھ سے نتاشا فتح محمد، بلوچستان سے بی بی ملکہ اور آزاد جموں و کشمیر سے لائبہ شکیل شامل ہیں جبکہ مستقبل میں اس ٹیم کا حصہ بننے کے لئے خواتین فوٹو گرافرز کو بھی تیار کیا جائے گا۔الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر)عرفان ارشد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی مثبت پہچان بنانے میں ہماری خواتین کا کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الپائن کلب کی 50 ویں سالگرہ (گولڈن جوبلی) کی مناسبت سے 50 روپے کا ایک خاص یادگاری ٹکٹ جاری کیا جا رہا ہے جس پر پاکستان کی چار بڑی پہاڑی چوٹیوں کی تصاویر شائع کی گئی ہیں، یہ ٹکٹ دنیا بھر میں ملک کے روشن تشخص کی ایک بہترین مثال بنے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کلب ماحولیاتی تحفظ اور ذمہ دارانہ پہاڑی سیاحت کے شعور کے لئے ستمبر 2026 میں "کے ٹو بلتورو کلین اپ مہم” بھی منعقد کرے گا جس کے تحت ٹریکنگ کے راستوں سے کچرے کی صفائی کی جائے گی۔اس اہم تقریب میں ایم ڈی پاکستان ٹورازم کارپوریشن آفتاب رانا، گرین ٹورازم سے بریگیڈیر (ر)عرفان اختر، کمانڈر اختر شاہد وائین، بریگیڈیر (ر)مہدی اور خالد محمود سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے ماحولیاتی آگاہی، آؤٹ ڈور کھیلوں اور سیاحت میں صنفی شمولیت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔