وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے
وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے

مزید خبریں
استنبول ۔3جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق استنبول کے اتاترک ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیہ کے وزارت خارجہ اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں جہاں دونوں رہنما پاک۔ترکیہ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ ملاقات میں خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف استنبول میں قیام کے دوران پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، آئی ٹی اور نجکاری سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔








