آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا ایک اور انقلابی اقدام، ’’KP Cop App‘‘ کا باضابطہ افتتاح کر دیا

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا ایک اور انقلابی اقدام، ’’KP Cop App‘‘ کا باضابطہ افتتاح کر دیا

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے جمعہ کے روز سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران بٹن دبا کر”KP Cop App” کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔سنٹرل پولیس آفس پشاور تر جمان کے مطابق یہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم آئی جی خیبر پختونخوا کی خصوصی دلچسپی، وژن اور مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد خیبر پختونخوا پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، ٹیکنالوجی پر مبنی اور مزید مؤثر بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی آئی ٹی اعجاز احمد نے آئی جی خیبر پختونخوا اور شرکاء کو "KP Cop App” کے مختلف فیچرز، افادیت اور نفاذ کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایپ کے ذریعے خیبرپختونخوا پولیس کے 1 لاکھ 26 ہزار پولیس افسران و اہلکار ایک محفوظ اور مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک ہوں گے، جس سے انتظامی، آپریشنل اور فلاحی امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور ایپ میں HRMIS سے منسلک QR کوڈ پر مشتمل ڈیجیٹل سروس کارڈ، ہر اہلکار کی سروس پروفائل تک رسائی، غلط ڈیٹا اندراج کی نشاندہی، روزانہ ڈیجیٹل ڈیوٹی روسٹر، ڈیجیٹل انوینٹری مینجمنٹ سسٹم، سرکاری اسلحہ و سامان کا ریکارڈ، ریئل ٹائم ٹرانسفر و پوسٹنگ نوٹیفکیشنز، کمانڈ ڈائریکٹیوز، آن لائن شکایات کے اندراج اور دیگر متعدد جدید سہولیات شامل کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ "KPol Cam” فیچر کے ذریعے پولیس اہلکار کسی بھی اہم واقعہ یا ہنگامی صورتحال کی ویڈیوز براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم کو ارسال کر سکیں گے۔ اسی طرح اہلکار حساس معلومات محفوظ انداز میں اعلیٰ پولیس قیادت تک پہنچا سکیں گےجبکہ مثبت پولیس سرگرمیوں اور نمایاں کامیابیوں کو پوری فورس تک فوری پہنچانے کا بھی مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں SOS Alert کے ذریعے فوری ردعمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے مؤثر نفاذ کے لیے تمام اضلاع کے ڈی ایس پیز ایڈمن، او اے ایس آئیز، آئی ٹی انچارجز، گودام انچارجز، ایس ایچ اوز اور سی پی او و سیف سٹی کے متعلقہ عملے کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی جبکہ تمام اضلاع میں تنصیب کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

صرف HRMIS میں رجسٹرڈ پولیس اہلکار ہی اس ایپ پر رجسٹریشن حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ "KP Cop App” خیبر پختونخوا پولیس کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں ایک انقلابی قدم ہے، جو شفافیت، احتساب، مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول، داخلی رابطوں، فوری فیصلہ سازی اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو نئی جہت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور بہترین گورننس کے لیے اصلاحات کا عمل تندہی سے جاری رہے گا تاکہ فورس کو ایک جدید، پیشہ ور اور عوام دوست ادارے میں تبدیل کیا جا سکے اور امید ظاہر کی کہ "KP Cop App” ایپ پولیس فورس کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے داخلی نظم ضبط کو مزید مضبوط بنانے ، تیز تر فیصلہ سازی اور اہلکاروں کو ایک جدید محفوظ اور موثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرنے کی جانب ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہو گا۔