اوگرا نے جون 2026ء کیلئےآر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین کر دیا

اوگرا نے جون 2026ء کیلئےآر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین کر دیا

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق جون 2026ء کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم جون 2026ء سے ہوگا۔

جمعہ کو اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جون 2026 سے ایس این جی پی ایل کے ٹرانسمیشن ریٹ 17.9394 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ڈسٹری بیوشن ریٹ 19.5228 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ ایس ایس جی سی ایل کے ٹرانسمیشن ریٹ 16.3679 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ڈسٹری بیوشن ریٹ 18.6360 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مئی 2026 کے مقابلے میں ایس این جی پی ایل کے ٹرانسمیشن ریٹ میں 2.3157 امریکی ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو یا 14.82 فیصد اور ڈسٹری بیوشن ریٹ میں 2.5381 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 14.94 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایس ایس جی سی ایل کے ٹرانسمیشن ریٹ میں 2.2748 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 16.14 فیصد اور ڈسٹری بیوشن ریٹ میں 2.5934 امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا16.17 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ترجمان اوگرا کے مطابق جون 2026 کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے 3 کارگو اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل ) کے 1 اسپاٹ کارگو کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔