وفاقی وزیر بحری امورکی بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم کے سیکرٹر ی جنرل سے ملاقات ، بلیو اکانومی اور ماحول دوست اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ بندرگاہوں کی جدیدکاری اور بحری سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات ہیں۔ ہفتہ کو وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے استنبول میں بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز سے ملاقات کی

استنبول ۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ بندرگاہوں کی جدیدکاری اور بحری سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات ہیں۔ ہفتہ کو وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے استنبول میں بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے بحری شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری، بلیو اکانومی اور ماحول دوست اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سیکریٹری جنرل کو پاکستان میں بندرگاہوں کی جدیدکاری، بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور بلیو اکانومی کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میری ٹائم سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے شپ ری سائیکلنگ، بلیو اکانومی، میری ٹائم گورننس اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ محمد جنید انوار چوہدری نے ساحلی ماحول کے تحفظ کے لیے پاکستان میں مینگرووز کی شجرکاری سمیت دیگر ماحول دوست اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر آئی ایم او کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز نے پاکستان کے میری ٹائم شعبے میں جاری اصلاحات اور حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے شپ ری سائیکلنگ، بلیو اکانومی اور میری ٹائم گورننس کے فروغ کے لیے حکومتی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے مینگرووز کی شجرکاری کو بھی ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ارسینیو ڈومینگز نے پاکستان کے دورے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا عندیہ بھی دیا تاکہ میری ٹائم شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان اور بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم کے درمیان تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ محفوظ، پائیدار اور جدید بحری نظام کے فروغ کے ساتھ بلیو اکانومی سے وابستہ مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔