صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا وہاڑی میں مندر اور کیتھولک چرچ کا دورہ

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا وہاڑی میں مندر اور کیتھولک چرچ کا دورہ

وہاڑی ۔ 04 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم کے ہمراہ سی بلاک میں واقع مندر اور 9/11 ڈبلیو بی کے کیتھولک چرچ کا دورہ کیا۔ انہوں نے مندر کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے اس کی اراضی اور تعمیر کی تاریخ سے متعلق بریفنگ لی۔

بعد ازاں گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں کیتھولک چرچ میں کیک بھی کاٹا گیا۔ صوبائی وزیر نے چرچ کے انتظامی امور اور بنیادی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں مساوی سہولیات کی فراہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چرچ سمیت تمام مذہبی عبادت گاہوں کے تحفظ، بحالی اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔