پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت،آئین کی بالادستی اور عوامی حق حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ،نوابزادہ جمال رئیسانی

پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت،آئین کی بالادستی اور عوامی حق حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ،نوابزادہ جمال رئیسانی

کوئٹہ۔ 05 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت،آئین کی بالادستی اور عوامی حق حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ،5جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نےاتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہاکہ 5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے۔ یہ وہ دن تھا جب عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، آئین کی بالادستی کو پامال کیا گیا، اور ملک کے جمہوری سفر کو زبردستی روک دیا گیا۔

اس غیر آئینی اقدام کے اثرات آج بھی ہماری سیاسی تاریخ اور قومی زندگی پر نمایاں ہیں۔شہید قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ 1973 کا آئین دیا، ملک کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، خارجہ پالیسی کو مضبوط بنایا، اور عام شہری کو سیاسی شعور، آواز اور وقار عطا کیا۔ ان کا وژن، جدوجہد اور قربانیاں ہر اس شخص کے لیے مشعلِ راہ ہیں جو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقِ حکمرانی پر یقین رکھتا ہے۔

آج،میں اس عہد کا اعادہ کرتا ہوں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے جمہوری مشن کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت میں پوری قوت سے آگے بڑھاتا رہوں گا۔ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی مضبوطی اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، کیونکہ جمہوریت ہی ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی ضامن ہے۔