بونیر میں پیپلز پارٹی کا یوتھ و ورکرز کنونشن، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر فیصل کریم کنڈی کی بطور مہمانِ شرکت
بونیر میں پیپلز پارٹی کا یوتھ و ورکرز کنونشن، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور گورنر فیصل کریم کنڈی کی بطور مہمانِ شرکت

مزید خبریں
پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بونیر کے زیرِ اہتمام شلبانڈی میں ایک بڑے یوتھ و ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا سید محمد علی شاہ باچا اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں پارٹی کی صوبائی اور ضلعی قیادت سمیت کارکنوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مقررین نے موجودہ سیاسی صورتحال، جمہوری اقدار، عوامی خدمت، تنظیمی استحکام اور نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ یوتھ و ورکرز کنونشن کا مقصد نوجوانوں کو پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر مزید منظم کرنا، تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانا اور ضلع بونیر میں پارٹی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی تنظیم کی مسلسل محنت، عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کے جذبے کے باعث ضلع بونیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس موقع پر صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلعی صدر یوسف علی خان، ضلعی کابینہ، تنظیمی عہدیداران اور کارکنوں کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کارکنوں کے نظم و ضبط، جوش و جذبے اور بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بونیر کے کارکنوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع میں ایک مضبوط اور منظم سیاسی قوت بن چکی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلعی تنظیم اسی جذبے کے ساتھ عوامی رابطہ مزید مضبوط بناتے ہوئے پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھاتی رہے گی۔








