ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے آگاہی مہم کا آغاز

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور ’’سلام پاکستان‘‘ نے ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے،

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور ’’سلام پاکستان‘‘ نے ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے،جس کامقصد سیاحوں میں ماحول دوست، ذمہ دار اور باوقار طرزِ سفر کو فروغ دینا ہے۔پی ٹی ڈی سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگاہی پیغام میں سیاحوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قدرتی حسن اور ماحول کاتحفظ یقینی بنائیں، کوڑا کرکٹ ادھر اُدھر پھینکنے کی بجائےکوڑا دان میں ڈالیں، جنگلی حیات، پودوں اور قدرتی مساکن کا احترام کریں اور پانی و توانائی سمیت قدرتی وسائل کا محتاط استعمال کریں۔آگاہی پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاح مقامی ثقافت، روایات اور رسم و رواج کا احترام کریں، مقامی کاروبار اور مصنوعات کی حوصلہ افزائی کریں، غیر ضروری شور سے گریز کریں، درخت نہ کاٹیں، صرف نشان زدہ راستوں پر چلیں اور ہرمقام کو اسی حالت میں چھوڑیں جیسا وہ انہیں ملا تھا۔ آگاہی مہم میں زور دیا گیا ہے کہ ذمہ دارانہ سیاحت نہ صرف قدرتی ماحول کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ مقامی آبادی کی فلاح، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کے لیے سیاحتی مقامات کو محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔