ترجمان ریجنل پولیس کے مطابق ریجن فیصل آباد میں مؤثر پولیس حکمتِ عملی اور کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں سنگین جرائم میں 71 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ریجن فیصل آباد میں سنگین جرائم 71 فیصد سے زائد کم ہوگئے، ترجمان ریجنل پولیس

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ریجن فیصل آباد میں سنگین جرائم میں 71 فیصد سے زائد کمی، 2004 مقدمات یکسو کئے گئے، ملزمان سے 28 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
ترجمان فیصل آباد ریجنل پولیس رضوان بھٹی نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے وژن "محفوظ پنجاب” کے تحت فیصل آباد ریجن میں جرائم میں 71 فیصد تک نمایاں کمی ہوئی ہے ، پولیس نے 2004 مقدمات یکسو کرکے 28 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ مارچ 2025 سے اب تک آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کے نتیجہ میں سنگین جرائم میں 71 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔فیصل آباد ریجن میں 313 خطرناک گینگز کے خلاف کارروائیاں کرکے 827 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ پولیس نے مجموعی طور پر 2004 مقدمات یکسو کرکے 28 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف 5166 مقدمات درج کرتے ہوئے 5336 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف مؤثر کارروائیاں، ہزاروں پسٹل، ریوالور، بندوقیں اور کلاشنکوف برآمد کی گئیں۔قتل کے واقعات میں 27 فیصد،رابری معہ قتل کے مقدمات میں 54 فیصد،ڈکیتی کی وارداتوں میں 66 فیصد کمی، سرقہ بالجبر کے مقدمات میں 62 فیصد کمی،کار چھیننے کے واقعات میں 67 فیصد کمی، موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 66 فیصد کمی، دیگر وہیکل چھیننے کے مقدمات میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت 6641 سے زائد شہریوں کے مسائل حل کئے گئے، شہریوں نے 1787 آن لائن شکایات کا فوری ازالہ کیا۔ 15 خدمت مراکز اور 20 خدمت کاؤنٹرز سے 2 لاکھ 96 ہزار سے زائد شہری مستفید ہوئے۔تحفظ و میثاق سنٹرز پر 18 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔شہداء کے بچوں کیلئے 100 فیصد فیس رعایت، غازیوں اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی رعایت لے کر دی گئی۔ شہداء کی فیملیز کیلئے 100 فیصد مفت میڈیکل ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔سٹریٹ کرائم، ڈکیتی، منشیات فروشوں، جوئے کے اڈوں اور قحبہ خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔قانون شکن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔








