صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کی زیارت میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و بلوچستان کے وزیر حاجی علی مدد جتک نے ضلع زیارت میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ، سفاکانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیا۔

کوئٹہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و بلوچستان کے وزیر حاجی علی مدد جتک نے ضلع زیارت میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ، سفاکانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا پوری قوم پر حملے کے مترادف ہے۔ ایسے بزدل عناصر نہ صرف قانون بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور ریاستی ادارے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، امن دشمنوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی غیور عوام اپنی بہادر پولیس، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ قومی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔