اوکاڑہ،جعلی پانی کی بوتلیں اور جوس تیار کرنے والا بڑا گروہ پکڑا گیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوکاڑہ چمڑا منڈی کے قریب ڈرنکس پلانٹ پر چھاپہ مار کر 4 ہزار 500 لیٹر جعلی جوس تلف کردیا

اوکاڑہ۔ 07 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوکاڑہ چمڑا منڈی کے قریب ڈرنکس پلانٹ پر چھاپہ مار کر 4 ہزار 500 لیٹر جعلی جوس تلف کردیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر اوکاڑہ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عثمان امین اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عبد العظیم کی سربراہی میں بڑی کارروائی کی گئی۔ معروف برانڈز کے نام جوس اور پانی کی غیر قانونی پیکنگ کی جارہی تھی۔ کنٹینرز سے غیر معیاری جوس برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔

بھاری مقدار میں پانی کی بوتلیں، جوس، خالی بوتلیں اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا۔ جعل سازی اور دھوکہ دہی کرنے پر جوس پلانٹ مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی جبکہ پلانٹ کی پروڈکشن بند کردی گئی۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ صحت دشمن عناصر کے گھناؤنے ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں گے اور شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔