صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان عاشق ملک نے گورنمنٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کرکے طبی سہولیات اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا گورنمنٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 07 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک نے گورنمنٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری کوآرڈینیشن ٹو سی ایم پنجاب سید واجد علی شاہ اور ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر گورنمنٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میجر جنرل خرم شہزاد، ڈائریکٹر ہسپتال بریگیڈیئر آصف چیمہ اور آئی ڈیپ کے متعلقہ افسران نے وفد کو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں، طبی سہولیات اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کے تمام شعبہ جات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ جدید طبی آلات کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔کیتھ لیبز مکمل فعال ہیں، چار آپریشن تھیٹرز مکمل کئے جا چکے ہیں، جدید پیتھالوجی لیبارٹری تیار ہے، گاما کیمرہ نصب کر دیا گیا ہے جبکہ ای ٹی ڈی کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہسپتال کے او پی ڈی میں روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔ صوبائی وزرائ اور مشیر وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کر کے تعمیراتی معیار، طبی سہولیات اور جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم اس اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا رواں ماہ افتتاح کریں گی۔ صوبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا جدید ترین طبی آلات اور اعلیٰ معیار کی سہولیات سے آراستہ ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہوگا۔اس ادارے میں نہ صرف سرگودھا بلکہ خوشاب، میانوالی، بھکر اور گردونواح کے اضلاع کے شہریوں کو دل کے امراض کے علاج کی معیاری سہولیات اپنےعلاقےمیں میسرآئیں گی۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرت نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صحت کے شعبے میں جاری میگا منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے وڑن کی عملی تعبیر ہیں۔نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا نہ صرف خطے کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔حکومت پنجاب اس منصوبے کی بروقت تکمیل اور مکمل فعالیت کو یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد اس جدید کارڈیالوجی ہسپتال کی سہولیات میسر آ سکیں۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان عاشق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تکمیل سے خطے کے لاکھوں شہریوں کو جدید اور معیاری علاج کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں علاج کی غرض سے دیگر بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی باقی ماندہ تکمیل بھی مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے تاکہ ہسپتال جلد مکمل طور پر عوام کے لیے فعال ہو سکے۔








