خاتون کو مشکل صورتحال سے بچانے کی کوشش کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):اسلام آباد میں ایک خاتون کو مشکل صورتحال سے بچانے کی کوشش کے دوران بہادری سے مداخلت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہید افسر کو ان کی غیر معمولی بہادری، بے لوث جذبہ خدمت اور فرض شناسی کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔منگل کو پاک فوج کے …

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):اسلام آباد میں ایک خاتون کو مشکل صورتحال سے بچانے کی کوشش کے دوران بہادری سے مداخلت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

شہید افسر کو ان کی غیر معمولی بہادری، بے لوث جذبہ خدمت اور فرض شناسی کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سینئر افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے بہادر افسر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی پاک فضائیہ اور پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ شہری کی جان و عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہید افسر نے یہ ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے مرد و خواتین نہ صرف ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔