وزیراعلی مریم نواز کے جدید، خوبصورت اور عالمی معیار کے لاہور کے وژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری ہاو سنگ نورالامین مینگل نے لاہور ریلوے اسٹیشن اور اس سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا
سیکرٹری ہاو سنگ کا ریلوے اسٹیشن اربن ریجنریشن منصوبے کا دورہ،جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ
لاہور۔7جولائی (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز کے جدید، خوبصورت اور عالمی معیار کے لاہور کے وژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری ہاو سنگ نورالامین مینگل نے لاہور ریلوے اسٹیشن اور اس سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اربن ریجنریشن پراجیکٹ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق نے سیکرٹری ہاو سنگ کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تکمیل کے مختلف مراحل اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن سے منسلک وسیع پارکنگ ایریا کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے جدید آٹومیٹڈ پارکنگ سسٹم کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔سیکرٹری ہاو سنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ آٹومیٹڈ پارکنگ سسٹم کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو جدید، محفوظ اور آسان پارکنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی شہری خوبصورتی اور جدید انفراسٹرکچر حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ تمام اہم سڑکوں پر واقع عمارتوں کی فساڈ اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ریلوے وال کی بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن کا کام بھی آخری مراحل میں ہے، جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔سیکرٹری ہاو سنگ نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے مسافروں اور شہریوں کے لیے جدید شہری انفراسٹرکچر متعارف کروایا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو بہتر سفری اور شہری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔مون سون سیزن کے پیش نظر سیکرٹری ہاو سنگ نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ زیر تعمیر انڈر گراو نڈ واٹر اسٹوریج ٹینک سمیت تمام نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترجمان محکمہ ہاو سنگ کے مطابق وزیراعلی کے وژن کے مطابق لاہور میں جدید شہری منصوبہ بندی، خوبصورتی، بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور عالمی معیار کی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، تاکہ شہریوں اور مسافروں کو محفوظ، جدید اور معیاری انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔









