ایبٹ آباد پریس کلب کی جنرل باڈی کا اجلاس ، پریس کلب کابینہ کی سال 2026 کے لئے توثیق

ایبٹ آباد پریس کلب کی جنرل باڈی کے خصوصی اجلاس میں پریس کلب کابینہ کی سال 2026 کے لئے توثیق کردی گئی، 16 نئے ممبران کی ممبر شپ کی منظوری اور میڈیا کالونی کے فنڈ کے لئے جدوجہد کومزید مؤثر بنانے کے لئے اعادہ کیا گیا

ایبٹ آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ایبٹ آباد پریس کلب کی جنرل باڈی کے خصوصی اجلاس میں پریس کلب کابینہ کی سال 2026 کے لئے توثیق کردی گئی، 16 نئے ممبران کی ممبر شپ کی منظوری اور میڈیا کالونی کے فنڈ کے لئے جدوجہد کومزید مؤثر بنانے کے لئے اعادہ کیا گیا ۔ منگل کے روز ایبٹ آباد پریس کلب کی جنرل باڈی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 36سے زائد ممبران نے شرکت کی اور متفقہ طور پر موجودہ کابینہ کی توسیع کی قرارداد کو منظور کیا۔کابینہ میں توسیع کی قرارداد سینئر ممبران نے پیش کی جس کی رائے شماری کرائی گئی جس میں 36 ممبران نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ۔کابینہ میں پریس کلب کے صدر نوید عالم ،جنرل سیکرٹری راجہ منیر خان ،سینئر نائب صدر افتخار حسین ڈوڈی ،طارق تنولی نائب صدر ،دلدار احمد ستی اسسٹنٹ سیکرٹری ،محمد اقبال ساغر جوائنٹ سیکرٹری ،محمد آصف اعوان سیکرٹری مالیات کو سال 2026 کے لئے توثیق دی گئی ۔

جنرل باڈی اجلاس میں صدر پریس کلب سردار نوید عالم نے سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری گرانٹ کی سیونگ اور ممبران کے تعاون سے میڈیا کالونی کے لئے 15 کنال اراضی کا انتقال ہو چکا ہے اور وفاق کی جانب سے 10 لاکھ کی گرانٹ بھی پریس کلب کو مل چکی ہے ۔صوبائی حکومت نے بجٹ میں صوبہ کےپریس کلبز کے لئےپچاس کروڑ روپےمختص کئے ہیں ۔گرانٹ ملتے ہی میڈیا کالونی کے لئے مزید 15 کنال اراضی کا انتقال کروایا جائے گا۔اجلاس میں پریس کلب کی کابینہ کی گرانقدر خدمات پر کابینہ کی توسیع کے لئے سینئر صحافی سابق صدر پریس کلب راجہ محمد ہارون نے قرارداد پیش کی جس کو ممبران نے متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے پریس کلب کابینہ کی توثیق کی ۔اجلاس میں سال 2022 کی درخواستوں پر پریس کلب ممبر سازی کمیٹی کے چیئرمین محمد شاہد چوہدری نے 16 ممبران کی مستقل اور چھ ممبران کی ایسوسی ایٹ ممبر شپ کی منظوری کے لئے جنرل باڈی میں پیش کیا۔پریس کلب کے 16 اور چھ ایسوسی ایٹ ممبران کی منظوری بھی دی گئی ۔

اجلاس میں نئے مستقل اور ایسوسی ایٹ ممبران کو بھی مبارکباد پیش کی ۔اور اس بات کا عزم کیا گیاکہ باہمی اتحاد سے پریس کلب کی ترقی اور ممبران کی فلاح وبہبود کی کوشش کریں گے۔اجلاس میں سکروٹنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی اور پریس کلب فارم بھی دیئے گئے جس کو نئے ممبران ایک ہفتہ اور مستقل ممبران کو ایک ماہ میں مطلوبہ ریکارڈ دینے کی ہدایت کی گئی ۔