اساتذہ کی ٹرانسفر و پوسٹنگ میں شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام نافذ کر دیا ہے،صوبائی وزیر

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اساتذہ کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام نافذ کر دیا ہے

ایبٹ آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اساتذہ کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام نافذ کر دیا ہے جس سے سفارش کلچر کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پروفیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر (فیمیل) ایبٹ آباد میں پیڈاگوجی آئی پی-5 (2026-27) انڈکشن ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نو ماہ پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے 16 ہزار سے زائد نئے اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے،وزیر تعلیم نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ محنت،لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں جبکہ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرینرز میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔