ڈی ایس پی ٹریفک چارسدہ کا بازار اور مختلف شاہراہوں کا دورہ، ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا

ڈی ایس پی ٹریفک چارسدہ شہنشاہ گوہر خان نے بازار اور شہر کی اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور ٹریفک کی مجموعی صورتحال، روانی اور ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی کا جائزہ لیا۔

پشاور۔ 08 جولائی (اے پی پی):ڈی ایس پی ٹریفک چارسدہ شہنشاہ گوہر خان نے بازار اور شہر کی اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور ٹریفک کی مجموعی صورتحال، روانی اور ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی کا جائزہ لیا۔ ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق انہوں نے مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور شہریوں کو بہتر ٹریفک سہولیات کی فراہمی، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض کی انجام دہی کی ہدایات جاری کیں۔ڈی ایس پی ٹریفک نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا جائے، غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کی سہولت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت میدان میں موجود ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کریں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔