بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کوئٹہ کا گریڈ نہم کیلئے ایس ایل او پر مبنی سوالیہ بینک کی تیاری کا عمل جاری

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای)کوئٹہ نے گریڈ نہم کے لیے سٹوڈنٹس لرننگ آئوٹکمز(ایس ایل او)پر مبنی معیاری سوالیہ بینک (Item Bank) کی تیاری کے عمل کے تیسرے روز کی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل کر لیں

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای)کوئٹہ نے گریڈ نہم کے لیے سٹوڈنٹس لرننگ آئوٹکمز(ایس ایل او)پر مبنی معیاری سوالیہ بینک (Item Bank) کی تیاری کے عمل کے تیسرے روز کی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل کر لیں۔ورکشاپ کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ ہارون خان اور پروفیسر صالح محمد نے کی، جبکہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیا الحق نے بھی سیشن میں شرکت کی۔بورڈ حکام کے مطابق نصاب سے ہم آہنگ اس اقدام کا مقصد امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بناتے ہوئے گریڈ نہم کے طلبہ کے لیے ایک معیاری، شفاف اور یکساں سوالیہ بینک تیار کرنا ہے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں طلبہ کے لیے یکساں تعلیمی معیار کو یقینی بنایا جائے گا، سوالات کی تیاری میں توازن اور شفافیت لائی جائے گی، امتحانات کو رٹہ سسٹم کے بجائے تنقیدی اور تصوراتی سوچ پر مبنی بنایا جائے گا، جبکہ مستقبل کے امتحانات کے لیے ایک مستند اور قابلِ اعتماد سوالیہ ذخیرہ بھی تیار کیا جائے گا۔بورڈ حکام نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان میں امتحانی نظام میں اصلاحات، معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی حقیقی تعلیمی صلاحیتوں کے مثر جائزے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔