بھکر ،تھل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر بزدار کاسوشل میڈیا پر یونیورسٹی کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر شدید ردعمل

تھل یونیورسٹی بھکر میں حالیہ بھرتیوں کے معاملے پر سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سعید احمد بزدار نے کہا ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں الزام لگایا گیا ھے کہ "میرٹ پالیسی کو نظر انداز” کیا گیا۔

بھکر۔ 10 جولائی (اے پی پی):تھل یونیورسٹی بھکر میں حالیہ بھرتیوں کے معاملے پر سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سعید احمد بزدار نے کہا ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں الزام لگایا گیا ھے کہ "میرٹ پالیسی کو نظر انداز” کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر بھرتیوں کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات شامل ہیں۔ڈاکٹر بزدار نے سوشل میڈیا پر یونیورسٹی کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ادارے کو بدنام کرنے والوں کو وضاحت پیش کرنا ہوگی۔ یہ میرے اور ادارے کے وقار کے منافی ہے۔ تمام ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا”۔

وائس چانسلر نے واضح کیا کہ بھرتیوں میں کسی قسم کا علاقائی، نسلی یا نظریاتی تعصب نہیں برتا گیا۔ صرف حکومت کے مقرر کردہ تعلیمی معیار اور اہلیت کو مدنظر رکھا گیا۔ انتظامیہ نے معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے سی سی وی فوٹیج اور ریکارڈ کا جائزہ لینا بھی شروع کر دیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وائس چانسلر نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر ادارے کی ساکھ خراب کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی PECA ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح یونیورسٹی کو معیار، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر آگے لے جانا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جاے۔