کراچی،ملیر میں انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں روز بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

کراچی کے ضلع ملیر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں روز بھی سکیورٹی کے فول پروف اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔جمعہ کو ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی احکامات کے تحت پولیو ٹیموں اور ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بغیر کسی خوف و خطر کے اس قومی فریضے کو سرانجام دے …

کراچی۔ 10 جولائی (اے پی پی):کراچی کے ضلع ملیر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پانچویں روز بھی سکیورٹی کے فول پروف اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔جمعہ کو ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی احکامات کے تحت پولیو ٹیموں اور ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بغیر کسی خوف و خطر کے اس قومی فریضے کو سرانجام دے سکیں۔ایس ایس پی ملیر نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ضلع ملیر کی 19یونین کونسلزمیں مہم کامیابی سے جاری ہے، ضلع ملیر میں متحرک 1,703پولیو ٹیموں اور 77فکسڈ سینٹرز کو مکمل سکیورٹی کور فراہم کیا گیا ہے،مجموعی طور پر 790پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں، جن میں 71لیڈیز اہلکارسمیت سادہ لباس اہلکار بھی شامل ہیں۔ مہم کے دوران فوری رسپانس اور موثر گشت کے لیے 30پولیس موبائلز اور 132موٹر سائیکلیں مسلسل علاقوں میں گشت کر رہی ہیں۔ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے بچوں کے صحت مند مستقبل کے ضامن اور قومی ہیرو ہیں ان کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔