سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے مشقوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے،ڈپٹی کمشنر جہلم

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باقاعدہ مشقیں اور پیشگی تیاری ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

جہلم۔ 11 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے مشقوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر حفاظتی اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسکیو 1122 اور پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ دریائے جہلم میں جاری فلڈ موک ایکسرسائز (سیلابی مشقوں) کا معائنہ کرنے اور ان میں عملی طور پر حصہ لینے کے موقع پر کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی مشقیں ناگہانی آفت کے وقت قیمتی انسانی جانوں اور مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور پاک فوج کے جوانوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ہنگامی صورتحال میں ردعمل کے وقت کو کم سے کم کرنا ہے تاکہ کسی بھی سیلابی خطرے کی صورت میں فوراً امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے دریا میں ریسکیو آپریشنز کے لیے استعمال ہونے والے آلات، کشتیوں اور جوانوں کی مہارت کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کی مستعدی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا دباؤ کے بغیر سامنا کیا جا سکے