کوہلو، BSDI کے تحت اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر و مرمت مکمل، کمانڈنٹ میوند بریگیڈ اور ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کر دیا

حکومت بلوچستان کے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت کوہلو اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر و مرمت مکمل ہونے کے بعد اس کا افتتاح کر دیا گیا، جس سے نوجوانوں کو جدید کھیلوں کی سہولیات میسر آئیں گی۔

کوہلو ۔ 12 جولائی (اے پی پی):حکومتِ بلوچستان کے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت اسپورٹس کمپلیکس کوہلو کی تعمیر و مرمت کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طحہٰ علی خان، ایگزیکٹو انجنیئر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو محبت مری، اسسٹنٹ کمشنر کاہان مصطفیٰ شفیع، اسسٹنٹ کمشنر ماوند سمیع الحق سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمعہ خان مری ، ایس ڈی او صادق بگٹی اور منصوبے کے کنٹریکٹر میر غازی خان کوہی نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر و مرمت، فراہم کی گئی جدید سہولیات، منصوبے کی اہمیت اور مستقبل میں نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ یہ شاندار منصوبہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی نگرانی میں اعلیٰ معیار کے مطابق کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔ تقریب میں ضلع بھر سے کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن اور اسنوکر کلبوں کے عہدیداران، کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور منصوبے کی تکمیل کو کھیلوں کے فروغ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ افتتاح کے بعد کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے اسپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہیں کھیلوں کی نئی سہولیات، مرمتی کام، گراؤنڈز، انڈور گیمز کے لیے مختص حصوں اور دیگر ترقیاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے منصوبے کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور تعمیراتی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جدید کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس کی بحالی اور جدید خطوط پر تعمیر و مرمت سے ضلع کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، صحت مند تفریح اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت، قیادت اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں، جبکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان ، ایف سی نارتھ اور ضلعی انتظامیہ کوہلو ضلع میں تعلیم، کھیل، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ BSDI کے تحت مکمل ہونے والا یہ منصوبہ نہ صرف ضلع کوہلو میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک معیاری پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا، جس سے علاقے میں صحت مند سرگرمیوں اور مثبت سماجی رجحانات کو مزید فروغ ملے گا