پی پی ایس سی نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ) کے نتائج کا اعلان کر دیا

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ) کے حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں۔

لاہور۔12جولائی (اے پی پی):پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ)کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

کمیشن نے 21 آسامیوں کے لیے نتائج جاری کیے جن میں 20 امیدواروں کو تقرری کے لیے صوبائی حکومت کو سفارش کیا گیا ہے ۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈپٹی ڈائریکٹر سید کاظم مقدس کاظمی کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیر انتظام پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ) کے لیے منعقدہ بھرتی کے عمل میں پنجاب بھر سے پندرہ ہزار سے زائد سرکاری ملازمین نے درخواستیں جمع کروائیں تھی۔ پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ پنجاب حکومت کے مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے والے اہل اور تجربہ کار سرکاری ملازمین کو انتظامی سروس میں ترقی کا موقع فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے وہ صوبائی مینجمنٹ سروس کا حصہ بن سکتے ہیں۔بھرتی کے اس کثیر مرحلہ جاتی عمل میں امیدواروں نے جنرل نالج، انگلش اور اردو مضمون نویسی پر مشتمل تحریری امتحانات میں شرکت کی۔ تحریری امتحانات میں کامیاب امیدواروں کو بعد ازاں سائیکولوجیکل اسسمنٹ اور انٹرویوز کے مراحل سے گزارا گیا۔ اس کے بعد امیدواروں کا حتمی انٹرویو لیا گیا۔تمام مراحل کی تکمیل کے بعد پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ) کی 21 آسامیوں کے نتائج جاری کر دئیے ہیں۔ کمیشن نے 20 امیدواروں کو تقرری کے لیے صوبائی حکومت کو سفارش کر دیا ہے جبکہ ایک آسامی لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فی الحال روکی گئی ہے۔