پائیدار ترقی کا انحصار صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار آبادی پر ہے، نمائندہ یو این ایف پی اے

اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے )کے پاکستان میں نمائندہ لوئے شبانے نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کا انحصار صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار آبادی پر ہے۔ عالمی یوم آبادی کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط تعاون اور مربوط حکمتِ …

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے )کے پاکستان میں نمائندہ لوئے شبانے نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کا انحصار صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار آبادی پر ہے۔ عالمی یوم آبادی کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط تعاون اور مربوط حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔لوئے شبانے نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ عوام کو بنیادی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر ضلع میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مؤثر موجودگی صحتِ عامہ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور شہریوں تک بنیادی صحت کی سہولیات کی رسائی بہتر بنائے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت، تعلیم اور آبادی کے شعبوں میں سرمایہ کاری ہی پائیدار ترقی، خوشحال معاشرے اور روشن مستقبل کی حقیقی ضمانت ہے۔