ڈویژنل کمشنرساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ریجنل پولیس آفیسررانا ایاز سلیم نے چیچہ وطنی اور ہڑپہ میں قائم نئے پولیس خدمت مراکز کا افتتاح کر دیا۔
چیچہ وطنی اور ہڑپہ میں پولیس خدمت مراکز کا افتتاح کردیا گیا

مزید خبریں
چیچہ وطنی۔ 16 جولائی (اے پی پی):ڈویژنل کمشنرساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ریجنل پولیس آفیسررانا ایاز سلیم نے چیچہ وطنی اور ہڑپہ میں قائم نئے پولیس خدمت مراکز کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چوہدری عثمان علی، ڈپٹی کمشنر ساہیوال سمیع اللہ فاروق، ڈی پی او ساہیوال عثمان ٹیپو، اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا سمیت دیگر افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔افتتاح کے بعد کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او رانا ایاز سلیم نے دونوں مراکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں خدمات کی فراہمی کے نظام اور دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر نے ٹوکن کے اجرا اور سروس ڈلیوری کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا اور ہدایت کی کہ ہر آنے والے شہری کو بروقت، شفاف اور خوش اخلاقی کے ساتھ خدمات فراہم کی جائیں۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز حکومت پنجاب کا عوام دوست اقدام ہیں جن کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے جدید، معیاری اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان مراکز میں دستیاب سہولیات کے بارے میں عوامی آگاہی کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ان خدمات سے مستفید ہو سکیں۔آر پی او رانا ایاز سلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو آسان، باوقار اور جدید سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے مثر اقدامات کر رہی ہے اور پولیس خدمت مراکز اسی وژن کی عملی تعبیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے شہریوں کو متعدد پولیس خدمات ایک ہی مقام پر میسر آئیں گی جس سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی۔








