سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز گیمزکے انعقاد کا اعلان

"سپورٹس بورڈ پنجاب نے پہلی بار ‘سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز گیمز’ کے انعقاد کا اعلان کر دیا”

لاہور۔16جولائی (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب نے پہلی مرتبہ "سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز گیمز” کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کے کوچز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر سے مختلف کھیلوں کے کوچز نے شرکت کی۔ ترجمان سپورٹس بورڈ کے مطابق اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، زرینہ وقار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اکیڈیمز میں زیر تربیت کھلاڑیوں کی ٹریننگ، کوچز کی کارکردگی اور تربیتی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز گیمز کے مقابلے 6 سے 14 اگست تک منعقد ہوں گے، جن میں اکیڈیمز میں زیر تربیت کھلاڑیوں کی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں گے۔محمد طارق قریشی نے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز سے باصلاحیت نئے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں اور ان مقابلوں کا مقصد ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور انہیں مسابقتی ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلے مختلف عمرانی گروپس میں منعقد ہوں گے تاکہ ہر سطح کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا یکساں موقع مل سکے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں تمام کھیلوں کے کوچز سے تربیتی معیار، کھلاڑیوں کی کارکردگی اور آئندہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔