وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا کی حویلیاں ابیٹ آباد میں محکمہ آبپاشی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری

وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا ریاض خان کی زیر صدارت حویلیاں ایبٹ آباد میں محکمہ آبپاشی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقادکیا گیا۔

پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا ریاض خان کی زیر صدارت حویلیاں ایبٹ آباد میں محکمہ آبپاشی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقادکیا گیا۔

کھلی کچہری میں رکن قومی اسمبلی علی اصغر جدون، ایم پی اے افتخار جدون، محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر زمینداروں، کسانوں اور عوام نے آبپاشی سکیموں، نہروں، واٹر کورسز، ڈریجنگ، ڈیسلٹنگ اور دیگر مسائل صوبائی وزیرآبپاشی کے سامنے پیش کیے۔صوبائی وزیر نے متعدد عوامی شکایات موقع پر ہی حل کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کر دیے جبکہ دیگر مسائل کے جلد از جلد حل کے لیے متعلقہ حکام کو مقررہ مدت میں عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر کابینہ اراکین اضلاع کے دورے کر کے عوامی مسائل براہِ راست سن رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں کسی علاقے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہر علاقے کو اس کا جائز حق دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے اور متوازن ترقی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔افسران عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں، شکایات کے ازالے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت صوبائی حکومت کی ترجیحات ہیں اورعوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔