چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن کی ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنا اور ایف آئی وی بی مینز انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ چین 2027 کے لیے کوالیفائی کرنا پاکستان والی بال کے لیے تاریخی کامیابی ہے۔

لاہور۔18جولائی (اے پی پی):پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنا اور ایف آئی وی بی مینز انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ چین 2027 کے لیے کوالیفائی کرنا پاکستان والی بال کے لیے تاریخی کامیابی ہے۔ہفتہ کو انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی عزم، نظم و ضبط اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی بھرپور انداز میں نمائندگی کرتے ہوئے ثابت کیا کہ وہ ایشیا کی مضبوط ترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ ا

نہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی انتھک محنت، موثر منصوبہ بندی اور پاکستان والی بال فیڈریشن کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر سہیل خواجہ میر نے بھی قومی ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی بہترین پانچ ٹیموں میں جگہ بنانا اور ایک اور ایف آئی وی بی ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنا پاکستان والی بال کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی لگن اور محنت کا ثمر ہے۔سہیل خواجہ میر نے کہا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن کا یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام مسلسل ایسے باصلاحیت کھلاڑی تیار کر رہا ہے جو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی وی بی مینز انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنا اس وژن کی جانب ایک اور اہم قدم ہے جس کے تحت پاکستان کو دنیا کی صفِ اول کی والی بال ٹیموں میں شامل کرنا مقصود ہے۔ انہوں نے اس کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور سپورٹ اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام کا مسلسل دعاوں اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔فیڈریشن کے مطابق چین کے شہر ہائیکو میں منعقدہ چیمپئن شپ کے دوران قومی ٹیم نے شاندار تکنیکی مہارت، بہترین ٹیم ورک، بھرپور جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان میں نوجوان والی بال کے بڑھتے ہوئے معیار کا بھرپور اظہار ہوا۔

فیڈریشن نے کہا کہ اب تمام توجہ ایف آئی وی بی مینز انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ چین 2027 کی تیاریوں پر مرکوز کی جائے گی اور ہائی پرفارمنس پروگرام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے کرغزستان، قازقستان اور تھائی لینڈ کو گروپ مرحلے میں تین، تین صفر سے شکست دی، کوارٹر فائنل میں چین کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پانچویں سے آٹھویں پوزیشن کے مقابلوں میں جنوبی کوریا کو 1-3 سے اور پانچویں پوزیشن کے میچ میں تھائی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر ایشیا میں پانچویں پوزیشن حاصل کی اور ایف آئی وی بی مینز انڈر 19 ورلڈ چیمپئن شپ چین 2027 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

مزید خبریں