پی ڈی ایم اے کا بلوچستان میں 24 جولائی تک مون سون بارشوں کا الرٹ، فلیش فلڈ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 24 جولائی تک مون سون بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کوئٹہ۔ 20 جولائی (اے پی پی):صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 24 جولائی تک مون سون بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ژوب، شیرانی، لورالائی، دکی، ہرنائی، سبی، بارکھان، موسی خیل، خضدار، نصیر آباد، جعفر آباد اور جھل مگسی میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈ جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق دریائے ناڑی، بولان اور لہڑی میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی ندی نالوں، کمزور پلوں اور سیلابی راستوں کو عبور نہ کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق جاری ہدایات پر عمل کریں۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129یا کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں۔