پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے،انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے،آئندہ بھی عوام کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔وہ ایل اے 8 راج محل میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے،آئندہ بھی عوام کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔وہ ایل اے 8 راج محل میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پناگ شریف میں منعقدہ عوامی جلسے میں آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے دربار پناگ شریف پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی،پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔امیر مقام نےحلقہ LA-8 راج محل-1 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک محمد نواز خان کے حق میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کو کشمیری عوام سے خصوصی محبت ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اپنے ادوار حکومت میں آزاد کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے،مسلم لیگ نے ہمیشہ اہل کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے،قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف 24 جولائی کو میرپور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کریں،صرف وعدے کرنا کافی نہیں بلکہ عملی خدمت ہی اصل معیار ہے،عوام کے ووٹ سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔امیر مقام نے کہا کہ میرادفتر اور دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے رہیں گے اور عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کیا جائے گا،شہداء اور غازیوں کی سرزمین پر آ کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے،لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر آباد عوام ملک کے حقیقی محافظ ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ ایل او سی کے دوروں کے دوران انہوں نے پاک فوج کے جوانوں اور مقامی آبادی کے بلند حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو قریب سے دیکھا ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستان نے دشمن کو موثر جواب دیا اور قومی دفاع کو مزید مضبوط بنایا۔وفاقی وزیر نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’کشمیر زندہ باد‘‘، ’’وزیراعظم شہباز شریف زندہ باد‘‘ اور ’’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘‘ کے نعرے لگوائے۔حلقہ LA-8 راج محل-1 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک محمد نواز خان نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے کے تقریباً 75 فیصد ووٹرز مسلم لیگ (ن) کے حامی ہیں،انتخابات میں پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔جلسے میں چوہدری زمان جنگی، سید مقبول گیلانی، چیئرمین یعقوب بنیان، ملک اویس نواز بھی شریک ہوئے،سید منور حسین شاہ، پیر سید مقبول حسین شاہ، مقدم بشیر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔