جہلم ،عوامی مسائل کے بروقت حل اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوامی سماعت

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عوامی مسائل کے بروقت حل اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوامی سماعت کا انعقاد کیا

جہلم۔ 22 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عوامی مسائل کے بروقت حل اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوامی سماعت کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ضلع بھر سے آنے والے شہریوں نے فرداً فرداً ملاقات کرکے اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے توجہ سے سنا۔عوامی سماعت کے دوران زمینوں سے متعلق معاملات، ریونیو امور، تجاوزات، صفائی، بنیادی شہری سہولیات اور دیگر انتظامی نوعیت کی شکایات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران سے ہر درخواست پر موقع پر ہی رپورٹ طلب کی اور قابلِ عمل درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو بلاواسطہ ضلعی انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنا اور ان کے مسائل کو شفاف اور بروقت انداز میں حل کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر درخواست کو مقررہ مدت میں نمٹایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو بہتر، شفاف اور مؤثر انتظامی خدمات کی فراہمی کے لیے ایسے عوامی سماعت کے سلسلے باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔