کھاد کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کے لیے حکومت مربوط اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور پنجاب کے وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین شاہ نے مشترکہ طور پر ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک بھر میں کھاد کی دستیابی، قیمتوں اور ترسیل کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور پنجاب کے وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین شاہ نے مشترکہ طور پر ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک بھر میں کھاد کی دستیابی، قیمتوں اور ترسیل کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ فصلوں کے سیزن کے پیش نظر کسانوں کو مناسب قیمت پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ بدھ کو وزارت سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں اور کھاد ساز کمپنیوں کے باہمی تعاون سے کھاد کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسانوں کو مناسب قیمت پر کھاد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمتوں میں استحکام اور فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام صوبوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کھاد ساز کمپنیوں سے کسانوں کے وسیع تر مفاد میں یوریا کی قیمتوں میں کمی کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں یوریا کے وافر ذخائر موجود ہیں اور کھاد کی قلت سے متعلق تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھاد کی کسی قسم کی کوئی قلت نہیں ہے۔

تمام کھاد ساز کارخانے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، مارکیٹ میں کھاد کی وافر مقدار دستیاب ہے اور آئندہ بھی کھاد کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی کا کوئی خدشہ نہیں۔اس موقع پر پنجاب کے وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین شاہ نے وفاقی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے مشترکہ کوششوں کے ذریعے کسانوں کو مناسب قیمت پر بروقت کھاد کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی سے مارکیٹ میں بے قاعدگیوں کی روک تھام، کھاد کی بہتر تقسیم اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ ممکن بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھاد ساز کمپنیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر میں کھاد کی وافر دستیابی، قیمتوں میں استحکام اور بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں گی تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور قومی غذائی تحفظ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔