وہاڑی،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، ممنوعہ چائنہ نمک اور خراب انڈے برآمد، دو فوڈ بزنس مالکان کو50،50ہزار روپے جرمانہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ممنوعہ اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے میلسی کی سبزی منڈی میں واقع ایک کریانہ سٹور اور وہاڑی روڈ پر اڈہ ماچھیوال کے قریب بیکری پروڈکشن یونٹ کا معائنہ کیا

وہاڑی۔22 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ممنوعہ اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے میلسی کی سبزی منڈی میں واقع ایک کریانہ سٹور اور وہاڑی روڈ پر اڈہ ماچھیوال کے قریب بیکری پروڈکشن یونٹ کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران کریانہ سٹور سے 37 کلوگرام ممنوعہ چائنہ نمک برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا، جبکہ بیکری پروڈکشن یونٹ میں 8 درجن سے زائد ٹوٹے اور فنگس زدہ انڈے برآمد ہوئے جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے دونوں فوڈ بزنس مالکان کو خوراک کے معیار کی خلاف ورزی پر 50، 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر کی گئی کارروائیوں کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ ناقص، غیر معیاری اور ممنوعہ اشیائے خورونوش کی تیاری، فروخت اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔